کھڑی میں چور ی کی وارداتوں سے تاجر برادی پریشان

 
 
بانہال // گذشتہ روز نامعلوم چوروں نے ضلع رام بن کے قصبہ کھڑی میں ایک دکاندار کے سٹور میں نقب زنی کرکے اشیائے خوردنی کا سامان لوٹ لیا ہے اورعلاقے میں چوری کی کئی وارداتوں نے عام لوگوں اور تاجر برادری کو پریشان اور عدم تحفظ کا شکار بنا کر رکھ چھوڑا ہے۔  منگل کی رات نامعلوم چور قصبہ کھڑی میں واقع دکاندار جاوید اقبال نائیک کے گودام میں گْھس گئے اور تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپئے کی مالیت کا سامان چرا کر لے گئے ، جس میں ذخیرہ رکھے گئے چاول، چائے، ہلدی، مرچ اور دیگر اشیاء شامل ہے۔ چور تالہ کاٹ کر اند داخل ہوئے ہیں۔ پولیس نے موقع کا جائزہ لینے کے بعد مزید کارروائی شروع کی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبہ کھڑی میں چوروں کا کوئی گروہ سرگرم ہے اور جاوید اقبال نائیک دکاندار کے علاوہ ماضی میں بھی چوری کی کئی وارداتیں رونما ہوئی ہیں، جن میں سے عبدالقیوم دکاندار کو دو بار نقب زنی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ فاروق احمد نامی ایک مقامی شہری نے بتایا کہ کھڑی آڑپنچلہ میں چوریوں کے واقعات نے مقامی دکانداروں کو ذہنی پریشانی میں ڈال دیا ہے اور چور اپنا کام کرکے صفائی کے ساتھ نکل جاتے ہیں۔ انہوں نے علاقے میں پولیس گشت کو مزید وسعت دینے اور بڑھاکر ان واقعات پر روک لگانے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسال پہلے بے روزگاری سے چھٹکارہ پانے کیلئے جاوید اقبال نے دکان کیلئے بینک سے قرضہ لے رکھا ہے اور چوری کی واردات نے اس غریب کو سخت مالی پریشانی میں ڈال دیا ہے۔  ٹریڈرس فیڈریشن کھڑی نے اس واقع کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ ان وارداتوں پر فوری روک لگانے کیلئے اقدامات کریں اور چوری کی وارداتوں میں ملوث افراد کا پتہ لگا کر گرفتار کیا جائے اور لوٹے گئے افراد کو انصاف فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں متاثرہ دکاندار اور تاجر برادری نے چوری کی اس  واردات کے بعد چوکی آفیسر کھڑی سے ملاقات کی اور واقعات کی نسبت آگاہ کیا۔ اس موقعہ پر انچارج افسر چوکی کھڑی سب انسپکٹر وسیم معراج نے لوگوں کو یقین دلایا کہ پولیس نے اس نسبت سے موقع کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقاتی کارروائی کا عمل شروع کیا ہوا ہے اور چوری کی واردات میں ملوث افراد کو ڈھونڈ نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔