بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے باوہ علاقے میں ٹاٹا سومو کے حادثے میں دو خواتین سمیت گیارہ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک زخمی خاتون سمیت چار زخمیوں کو مزید علاج کیلئے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع واردات سے مبینہ طور پر فرار ہوگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے جمعرات کی صبح کھڑی کے مہومنگت باوہ سے بانہال کی طرف آنے کے دوران ایک ٹاٹا سومو نمبر 2348 JKO3D گوجر بستی باوہ کے نزدیک سڑک سے لڑھک کر کم از کم ایک سو فٹ گہری کھائی میں گر گئی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار دو خواتین سمیت گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوں نے منگت نالہ کے پانی سے زخمیوں کو نکالنے کیلئے بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا اور اس دوران کھڑی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر پہلے پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی اور بعد میں انہیں سب ضلعی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں سے ایک خاتون سمیت چار زخمیوں کو مزید علاج و معالجہ کیلئے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مہو منگت کے باوہ سے اپنا سفر شروع کرنے کے چند سو میٹر بعد ہی یہ ٹاٹا سومو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور باوہ کے نزدیک منگت نالہ میں جاگری۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی بڑی بڑی چٹانوں سے ٹکرانے کے بعد منگت نالہ میں گر گئی اور معجزاتی طور تمام مسافر جانی نقصان سے بچ گئے ۔انہوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں چلنے والے ڈرائیوروں کی جانچ کریں کیونکہ بیشتر ڈرائیور ناتجربہ کار اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلاتے ہیں جو ماضی میں بھی کئی بڑے حادثوں کا سبب بن چکے ہیں۔ انہوں نے رضاکار تنظیم بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں کے ایثار کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بانہال ہسپتال میں نہ صرف زخمیوں کی عیادت کی بلکہ پانی میں بھیگے بعض زخمیوں کو پہننے کیلئے کپڑے بھی دیئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دس زخمیوں کو سب ضلعی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے اور بیشتر زخمی خطرے سے باہر ہیں ۔انہوں نے زخمیوں کی شناخت عمران چوپان ولد غلام محمد ساکنہ بجناڑی مہو تحصیل کھڑی ، عبدالغنی میر ولد گل محمد میر ساکنہ منگت ، سجاد احمد ولد عبد الرشید بٹ ساکنہ لامبر بانہال ، فرحت عباس ولد محمد اکبر بٹ ساکنہ لامبر بانہال ، محمد احسن پاچھو ولد غلام نبی پاچھو ساکنہ ہل باوہ ، اپرترگام ، محمد رفیق پاچھو ولد گل محمد پاچھو ساکنہ ساکنہ ہل باوہ ترگام اپر ، منیر احمد ولد ساکنہ غلام حسین گوجر ساکنہ آڑی مرگ ،منگت ، بختی بیگم زوجہ بشیر احمد ساکنہ منگت ،اور نسیمہ بیگم زوجہ غلام حسین میر ساکنہ منگت تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے طور کی گئی ہے۔ بانہال ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ عبدالغنی میر ، سجاد احمد ، منیر احمد اور نسیمہ بیگم کو بانہال ہسپتال سے مزید علاج کیلئے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاٹا سومو ڈرائیور محمد آمین میر ولد محمد سلطان ساکنہ منگت تحصیل کھڑی حادثے کے فورا بعد موقع واردات سے مبینہ طور پر معمولی زخمی حالت میں فرار ہوگیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔