کھڑی میں انٹر زون سکول ٹورنامنٹ کا انعقاد ۔24 سکولوں کے 680 بچوں نے مختلف کھیلوں میں شرکت کی: حکام

محمد تسکین

بانہال // ایک ہفتے سے جاری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی طرف سے سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی میں انڈر 14 کھلاڑیوں کیلئے انٹر سکول زون ٹورنا منٹ کا انعقاد کیا گیا اور ہائیر سکینڈری سکول کھڑی کے گراونڈ میں منعقد ان مقابلوں میں پوری تحصیل کھڑی کے سکولوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے شرکت کی۔اس ٹورنامنٹ کی رسم افتتاح مہمان خصوصی نائب تحصیلدار کھڑی منظور احمد ڈار کے ہاتھوں کی گئی جبکہ اس موقع پر پرنسپل ہائیر سکینڈری سکول کھڑی عبدالرحمان بٹ المدنی ، 23 راشٹریہ رائفلز کے میجر شبھم گپتا ، زونل فزیکل افیسر فیاض احمد میر ، ہیڈماسٹر مڈل سکول کاونہ سید امتیاز اور تعلیمی زون کھڑی کے افسران اور فیلڈ عملے کے اہلکار اور این وائی سی رضاکار موجود تھے ۔ان مقابلوں میں تحصیل کھڑی کے 24 سرکاری اور نجی سکولوں کے تقریباً 680 بچوں نے 14 سال کی کم عمری مقابلوں میں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور منشیات سے دور رہنے کیلئے اجتماعی طور حلف بھی لیا گیا۔اس موقعد پر مہمان خصوصی منظور احمد ڈار ، پبلسٹی چیف راجہ توفیق اور دیگر مقررین نے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی طرف سے منعقد کئے گئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکبادی پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کو چست اور تندرست رہے کیلئے مختلف سطحوں پر ہونے والے کھیل کود کے مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی ترغیب دی اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی طرف سے انعامات تقسیم کئے گئے۔