کھڈونی میں گاڑی پر فائرنگ، 2فوجی اہلکار زخمی

ترال+کولگام // کھڈونی کولگام میں ایک پرائیویٹ گاڑی میں سوار فورسز اہلکاروں پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔ادھرترال کے ایک مضافاتی گائوں میں مشتبہ جنگجوئوں نے فورسز کے کیمپ پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو معمولی چوٹیں آئیںجبکہ چاڑورہ میں این سی لیڈر کے گھر پر پیٹرول بم پھینکا گیا۔کھڈونی کولگام علاقے میں شام دیر گئے ایک پرائیویٹ گاڑی میں فوج کی سراغرساں ایجنسی سے وابستہ اہلکار سفر کررہے تھے، تو جنگجوئوں نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشیاں لیں گئیں۔اس دوران ڈونی واری چاڑورہ میں نامعلوم افراد نے این سی لیڈر علی محمد ڈار کے گھر پر پیٹرول بم پھینکا جو دھماکہ سے پھٹ گیا، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کے باہر کسی نے پٹاخے سرکے۔اس دوران شام 7بجکر 20منٹ پر جنگجوئوں نے نو دل ترال میں 180بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ پھینکا جو کیمپ کے اندر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔اس موقعہ پر کیمپ میں افرا تفری مچ گئی اور فورسز اہلکاروں نے ہوا میں چند گولیاں گلائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ سے ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا۔ واقعہ کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔تین روز میں ترال علاقے میں یہ تیسرا گرینیڈ دھماکہ ہے۔ اس سے قبل پہلے اونتی پورہ، اسکے بعد این سی لیڈر کے گھر پر گرینیڈ حملے کئے گئے ہیں۔