کھٹوعہ کیس کی جاری سماعت، سپریم کورٹ نے روک لگادی

نئی دہلی // سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کٹھوعہ واقعہ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئیں مختلف عرضیوں جن میں اس کیس کو چنڈی گڑھ منتقل کرنے اور سی بی آئی سے تحقیقات کرانے کے مطالبات کئے گئے ہیں، پر سماعت کرتے ہوئے کٹھوعہ عدالت میں جاری سماعت پر روک لگا ئی ۔ چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس ڈی وائی چندر چوڈ اور جسٹس اندو ملہوترا کی بنچ نے یہ حکم صادر کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو چنڈی گڑھ منتقل کرنے کے لئے متاثرہ کے والد کی عرضی اور معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی سے کرائے جانے کی ملزمان کی عرضی پر سماعت کی جائے گی۔ بنچ نے اس معاملہ میں مزید سماعت کے لئے 7 مئی کی تاریخ مقرر کردی ہے۔یاد رہے کہ حکومت جموں کشمیر نے کھٹوعہ کیس کی سماعت ریاست سے باہر منتقل کر نے کی یہ کہہ کر مخالفت کی تھی کہ ریاست کا پینل کوڈ مرکز سے مختلف ہے اور کیس کو ریاست سے باہر منتقل کر نے سے گواہوں کو مشکلات کا سامنا ہو گا ۔ اس دوران مر کزی سر کار نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ انہیں کھٹوعہ کیس کے حوالے سے جس کسی بھی مدد کی ضرورت ہو گی مر کز اسے فراہم کرے گا ۔ کیس کو جموں کشمیر پولیس سے سی بی آئی کو منتقل کر نے میں مرکزی سر کار اس در خواست کی جواب دہندہ ہے جس میں اس نے کھٹوعہ کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو منتقل کر نے کی بات کہی تھی اور اس درخواست کی متاثرہ بچی کے والد نے سخت مخالفت کی تھی ۔