کھٹوعہ واقعہ عین درندگی

 سرینگر // حریت (گ)چیئر مین سید علی گیلانی نے ننھی اور معصوم بچی آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کھلی درندگی اور وحشیانہ حرکت ہے اور مہذب سماج میں اس کا تصور بھی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور جموں پولیس کی جانب سے برتی گئی لاپروائی اور غیر ذمہ داری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس واقعے کے خلاف بروقت کارروائی کی جاتی تو اس سانحہ کو روکا جاسکتا تھا ۔ انہوں نے اس واقع میںملوث افرد کی کھوج لگانے اورانہیںسزا دینے کے بجائے پولیس کی جانب سے احتجاج کر رہے لوگوں پر لاٹھی چارج اور گرفتار کرنا فرقہ پرست سوچ و اپروچ کاعکاس ہے ۔ گیلانی نے کہا متعصب انتظامیہ ،پولیس اورفرقہ پرستی اور مسلمان دشمنی کی پالیسی اس معصوم بچی کی موت کا سبب بنی اور حکومت نے اغواکاروں کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی نہیں کی اور ایک منصوبہ بند طریقے پر قاتلوں کو ریاستی پاور کے ذریعے سے بچانے کی ہرممکن کوششیں کی جارہی ہے۔