کھٹوعہ سانحہ کے خلاف پارمپورہ میں مال بردارٹرانسپوٹروں کا احتجاج

 سرینگر//کمسن بچی کی آبرو ریزی اور قتل کے خلاف پارمپورہ میں مال بردار ٹرانسپوٹروں نے احتجاج کرتے ہوئے کیس کی سرعت کے ساتھ سماعت کے ساتھ فاسٹ ٹریک عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا۔جمعرات بعددوپہر ٹرانسپورٹ نگرپارمپورہ میں درجنوں مال بردار ٹرانسپورٹروں نے گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے جھنڈے تلے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینئر اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے،جن پر کمسن بچی کے ساتھ یکجہتی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں پولیس کے کرائم برانچ نے جو رول ادا کیا ہے،وہ قابل تعریف ہے اورایک ریکارڑ وقت کے اندر اس شرمناک واقعے کے تانے بانے کو بے نقاب کیا۔ گڈس ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے سربراہ محمد صدیق رونگہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو انکے انجام تک پہنچانے کیلئے فاسٹ تریک عدالت کا قیام عمل میں لایا جانا چاہے،تاکہ کمسن بچی کی تڑپتی روح کو سکون مل سکے۔احتجاج میںشامل کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے بھی مطالبہ کیا کہ سرکار فرقہ پرستوں کے دبائو میں آئے بغیر کیس میں ملوث مجرموں کو سزائے موت دے۔