کھو کھو ورلڈکپ بھارت اگلے سال پہلی بار میزبانی کریگا

یو این آئی

نئی دہلی/کھو-کھو ورلڈ کپ اگلے سال ہندوستان میں منعقد کیا جائے گا جس میں چھ براعظموں کے 24 ممالک حصہ لیں گے۔ ہندوستانی کھو کھو فیڈریشن نے بین الاقوامی کھو کھو فیڈریشن کے ساتھ مل کر 2025 میں ہندوستان میں پہلا کھو کھو ورلڈ کپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں چھ براعظموں کے 24 ممالک شرکت کریں گے ۔ اس میں 16 مرد اور 16 خواتین ٹیمیں حصہ لیں گی۔کھو کھو کی جڑیں ہندوستان میں ہیں۔ آج، یہ کھیل جومٹی سے شروع ہوا اورمیٹ پر آگیا ہے اور دنیا بھر میں 54 ممالک کے ساتھ عالمی موجودگی بناچکا ہے ۔ورلڈ کپ سے پہلے اس کھیل کو فروغ دینے کے لئے انڈین کھو-کھو فیڈریشن 10 شہروں کے 200 ایلیٹ اسکولوں میں لے جانے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ فیڈریشن اسکول کے طلباء کے لیے ممبر شپ مہم بھی چلائے گی، جس کا مقصد ورلڈ کپ سے قبل کم از کم 50 لاکھ کھلاڑیوں کو رجسٹر کرنا ہے ۔ہندوستانی کھو-کھو فیڈریشن کے صدر سدھانشو متل نے کہا، “ہم پہلے کھو-کھو ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ صرف مسابقت کی مثال نہیں بنے گا بکلہ یہ ممالک کو ایک ساتھ لانے ، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اوردنیا کو کھو کھو کی خوبصورتی اور شدت دکھانے کا کام کرے گا۔ ہمارا آخری مقصد 2032 تک کھو کھو کو اولمپک کھیل کے طور پر تسلیم کرانا ہے اور یہ ورلڈ کپ اس خواب کی طرف پہلا قدم ہے ۔اس ٹورنامنٹ میں ایک ہفتہ تک چلنے واے میچوں کی سیریز ہوگی جس میں دنیا بھر کے اعلیٰ درجے کے ایتھلیٹ اپنی مہارت، چستی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں گے ۔ دریں اثنا، کھو کھو ورلڈ کپ کا مقصد اس مقامی ہندوستانی کھیل کو بین الاقوامی سطح پر لے جانا ہے ۔ اس تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرکے ، کے کے ایف آئی 2032 کے ایڈیشن تک اولمپک گیمز میں کھو-کھو کی جگہ کو محفوظ بنانے کی خواہش رکھتا ہے ، جو کھیل کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔