کھنتر ٹانڈا ۔ہائی سکول چھونگا چرون 12کلو میٹر رابطہ سڑک خستہ حالی کی وجہ سے گاڑیاں و عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ،مرمت کی مانگ

جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے علاقہ کھنترٹانڈا سے ہائی سکول چھونگا چرون کی طرف جا رہی 12 کلو میٹر سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ حال ہوچکی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ رابطہ سڑک پر گاڑیوں کیساتھ ساتھ اب عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے سڑک تبا و برباد ہو چکی ہے۔ یوتھ لیڈر چودھری یاسر یوسف نے بتایا کہ کچھ سال قبل پانچ سو میٹر سڑک کا بلیک ٹاپ ہوا تھا اور مزید دو کلو میٹر سڑک پر بجری ڈالی گئی تھی جبکہ باقی پانچ کلو میٹر سڑک کا زمینی سطح کا کام ہوا تھا اور اب کئی سال گزر گئے ہیں سڑک کا دوبارہ کوئی کام نہیں ہواجس کی وجہ سے سڑک کے اوپر ڈالی گئی بلیک ٹاپ و بجری اکھڑ کر کے آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہونا شروع ہو گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی اور متعلقہ حکام کی نااہلی کی وجہ سے مقامی لوگ اور ڈرائیور خود مل کر رابطہ سڑک کی مرمت کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ایمر جنسی کے وقت میں گاڑی کو نکالنے میں آسانی ہو سکے ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ اب سڑک کی حالت خراب ہو جانے کے بعد ان کو کئی کلو میٹر سفر پیدل کرنا پڑتا ہے اور سامان بھی کندھوں پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ علاقے کا دورہ کر کے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ رابطہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنایا جاسکے ۔