راجوری //درہال کے چوکیاں علاقے کے وارڈ نمبر سات کے لوگ پچھلے کئی ماہ سے اس بات کا انتظار کررہے ہیں کہ کب بجلی کے ٹرانسفارمر کی تنصیب کی جائے گی ۔ علاقے میں محکمہ بجلی کی طرف سے کھمبے چھ ماہ قبل گھاڑ دیئے گئے تاہم ابھی تک ٹرانسفارمر نصب نہیںہوا۔اس صورتحال سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیرعظمیٰ سے شکایت کرتے ہوئے بتایاکہ ان کے علاقے میں بجلی اس قدر کم ہوتی ہے کہ بلب بھی دکھائی نہیںدیتا ۔انہوں نے کہاکہ ان کی مانگ ہے کہ نیا ٹرانسفارمر نصب کیاجائے لیکن اسے پورا نہیں کیاجارہا اور محکمہ نے چھ ماہ قبل کھمبے گھاڑ دیئے مگر ٹرانسفارمر کیلئے نہیں معلوم اور کتنا انتظار کرناپڑے گا۔سیاسی کارکن کرامت اللہ ملک نے بتایاکہ نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کی عدم موجودگی سے بجلی کا نظام ہی درہم برہم ہے ۔ رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی راجوری منشی خان نے بتایاکہ ٹرانسفارمر بہت جلد نصب کردیاجائے گا۔
کھمبے کئی ماہ قبل گھاڑ دیئے گئے
