کپوارہ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری سے نظام زندگی مفلوج بیشتر سڑکو ں سے برف ہٹانے کا کام مکمل،بجلی کی ترسیلی لائنوں کو جزوی نقصان

اشرف چراغ

کپوارہ//کپوارہ میں گزشتہ دو روز سے اگرچہ برف باری کا سلسلہ جاری ہے، تاہم گزشتہ رات ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی جس کی وجہ سے پورے ضلع میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ضلع میں بدھ کو دن برف باری کا سلسلہ جاری رہا تاہم جمعرات کو دن بھر مطلع صاف رہا اور دھوپ چھائوں کا کھیل جاری رہا تاہم جمعرات شام دیر گئے پورے ضلع میں موسم نے ایک بار پھر کرو ٹ لی اور بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا جمعرات کی رات کو ضلع کے بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں ضلع کے بالائی علاقوں کا سڑک رابطہ منقطع ہو گیا جبکہ چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن ،کلاروس مژھل ،چوکی بل بڈنمل اور زرہامہ جمعہ گنڈ کی سڑکیں گزشتہ4روز سے گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند پڑی ہیں ۔جمعہ کی صبح سے ہی ضلع انتظامیہ نے ضلع کے بالائی علاقوں کی سڑکو ں سے برف ہٹانے کاکام شروع کیا اور شام دیر گئے اکثر و بیشتر سڑکو ں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا جبکہ بھاری برف باری کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ۔محکمہ کے اہلکارو ں نے جمعہ کی شام تک بجلی بحال کر دی تاہم کئی دور دراز علاقوں میں ابھی تک بجلی سپلائی متاثر ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ان علاقوں میں بجلی کی تر سیلی لائنو ں کو جزوی نقصان پہنچ چکا ہے ۔اس دوران کیرن کے اندرونی علاقوں میں 4،کرناہ میں 5،مژھل میں 8،چوکی بل میں ڈیڑھ ،کرالہ پورہ ،5،میلیال 1،گزریال 1،بنگس 2،ہفردہ2،ویلگام ،1،ہایہامہ 1اور لولاب میں 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔کرناہ کی نستہ ژھن گلی (سادھنا )پر4،فرکیاں 3اور مژھل کی زیڈ گلی پر کل ملا کر 3فٹ برف جمع ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے ۔ضلع میں برف باری کے دوران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی کنٹرول قائم کئے ہیں تاکہ لوگ کسی بھی مشکل وقت میں کنٹرول روم اور متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔