کپوارہ کے ایس پی لنک روڈ کی حالت ناگفتہ بہہ

کپوارہ //کپوارہ کا ایس پی لنک روڈ ہائیہامہ بنگام کی حالت انتہائی خستہ بنی ہوئی ہے جس پر متعلقہ حکام کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔اس ایک کلو میٹر سڑک کی حالت ناگفتہ بنی ہوئی ہے اوراس کی دیکھ ریکھ نہیں کی جارہی جس کے باعث مقامی لوگوں کو آنے جانے میں سخت مشکلات کاسامناکرنا پڑرہاہے ۔ سڑک کے ساتھ گشی پورہ ،چوپان پورہ ،بنگام ، بن پورہ ، گونی پورہ علاقوں کے 200 گھرانے جڑے ہوئے ہیں اوران کو گھر آنے جانے کیلئے اسی روڈ کا استعمال کرناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ہر سال مٹی اور پتھروں کی بھرائی کی جاتی ہے تاہم سڑک پر تارکول نہیں بچھایاجارہا جس کی وجہ سے یہ روڈ بالکل تباہ ہوچکا ہے ۔لوگوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے دوران بالائی علاقوں سے پانی سڑک پر آگیا جس سے اس کی حالت مزید خراب ہوگئی اور کچھ ہفتوں سے گاڑیاں بھی نہیں چل رہی ہیںجس کے نتیجہ میں لوگوں کو کیچڑ بھرے راستے سے پیدل چلناپڑتاہے ۔مقامی آبادی نے ریاستی گورنر اور ڈپٹی کمشنر کپوارہسے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دے کر سڑک کی مرمت کروائی جائے اور اسی موسم میںا س پر تارکول بچھایاجائے یاپھر اسے کنکریٹ طرز پر تعمیر کیاجائے تاکہ انہیں باربار پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے ۔