طارق رحیم
کپوارہ//کپوارہ میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے ضلع بھرمیں صحت سہولیات کامعیارمتاثر ہواہے۔اعدادوشمار کے مطابق ضلع میں ڈاکٹروں کی منظور شدہ488 اسامیوں میں سے322پرڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ166عہدے خالی ہیں۔ خالی اسامیوں میں ایڈمنسٹریٹو افسر،کنسلٹنٹ،میڈیکل افسر،ڈنٹل سرجن،ایلوپیتھک سپیشلسٹ،ایلوپیتھک میڈیکل افسراورانڈین سسٹم میڈیکل افسرشامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق 14ایڈمنسٹریٹوں اسامیوں میں سے13پرافسر تعینات ہیں جبکہ ایک خالی ہے ۔منظور شدہ 60کنسلٹنٹوں میں 31خالی ہیں جبکہ29پر ڈاکٹر تعینات ہیں۔منظورشدہ240میڈیکل افسروں کی اسامیوں میں114خالی ہیں جبکہ126پرڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔43ڈنٹل سرجنوں میں34پرماہردندان تعینات ہیں جبکہ 9خالی ہیں۔قومی صحت مشن کے تحت12سپیشلسٹوں میں 8پرتقرری کی گئی ہے جبکہ4خالی ہیں۔ایلوپیتھک میڈیکل افسروں کی43اسامیوں میں 39پرتقرری کی گئی ہے جبکہ4خالی ہیں۔
اسی طرح انڈین سسٹم آف میڈیسن کے 3میڈیکل افسروں کے عہدے خالی ہیں جبکہ منظور شدہ 76اسامیوں میں سے73پرتقرریاں کی گئیں ہیں۔ضلع میں ان خالی اسامیوں کو پُر کرنے میں حکام کی ناکامی پرلوگ نالاں ہیں ۔ان کاکہنا ہے کہ ضلع میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے صحت عامہ بری طرح متاثر ہے جبکہ ان اسامیوں کو پوراکرنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ضلع کے کئی برف سے ڈھکے علاقوں میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے طبی مراکز کاکام ٹھپ ہیں اورعام لوگوں کو زبردست مشکلات درپیش ہیں۔برف سے ڈھکے بڈنمل کے غلام حسن نے کہا ،’’اگرچہ پانچ سال قبل ہمارے بڈنمل کے ہیلتھ سینٹر کونیوٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کادرجہ دیاگیا،تاہم ابھی تک اس مرکز کیلئے ایک بھی ڈاکٹر کوتعینات نہیں کیاگیاہے‘‘۔شمالی ضلع کے سرحدی علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے صحت کی دیکھ بھال متاثر ہوئی ہے ۔
کپوارہ ٹریڈرس فیڈریشن کے صدرشوکت مسعودی نے کہا اگرچہ کپوارہ ضلع جمہوریت کومضبوط کرنے کے محاذ پر پیش پیش ہے تاہم ہرایک حکومت نے ہمیں مایوس کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتاکہ کیوں حکومت ان اسامیوں کوپورا کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔مسعودی نے مزیدکہا کہ صحت حکام ڈاکٹروں کوکیسے ایسے مقامات پر بھیج سکتے ہیں،جہاں ہیلتھ مراکزڈاکٹروں کے بغیر کام کررہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں کی166اسامیاں خالی ہیں۔اس دوران ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین کپوارہ عرفان پنڈت پوری نے ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے لوگوں کودرپیش مشکلات کااعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ معاملے کو لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں لایاجائے گااورامید ہے کہ ڈاکٹروں کی تمام اسامیوں کو جنگی بنیاد پرپورا کیاجائے گا۔