کپوارہ میں نو منتخب سر پنچو ں کی حلف برداری

کپوارہ//کپوارہ میں نو منتخب سرپنجوں کی حلف برداری کے دوران انہیں تلقین کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ٹاون ہال کپوارہ ،انورنمنٹ ہال ہندوارہ ،کرناہ اور لولاب میں محکمہ دیہی ترقی نے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس دوران نو منتخب سرپنچوں کی حلف برداری عمل میں لائی گئی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے اس موقعے پرکہا کہ لوگو ں کی پنچایتی انتخابات میں حصہ لینا جمہوریت کا حصہ ہے اور نو منتخب سر پنچ اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی عمل کی مصوبہ بندی اور لوگو ں کی ترقیاتی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے اپنا اہم رول ادا کر سکتے ہیںاور سرکار کی جانب سے چلائی جارہی بہبودی کی سکیمو ں کی عمل آ وری پر بھی قریبی نگاہ رکھ سکتے ہیں ۔انہو ں نے سرپنچو ں پر زور دیا کہ وہ رقومات کا منصفانہ استعمال کر کے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کامو ں کا جاری رکھے ۔ہندوارہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد گلزار ،کرناہ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور لولاب میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی قیادت میں نو منتخب سرپنچو ں کی حلف برداری عمل میں لائی گئی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کپوارہ یار علی خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ پیر کو 362سرپنچو ں کی حلف برداری عمل میں لائی گئی تاکہ پورے ضلع میں ترقیاتی کامو ں میں سرعت لائی جائے گی اور انتظامیہ اس بات کے لئے کو شاں ہے کہ دیہی علاقوں کی ترقیاتی عمل میں نو منتخب سر پنچ اپنا کلیدی رول ادا کریں گے ۔