کپوارہ// کپوارہ کے متعدد علاقوں میںشدیدسردی کی وجہ سے پانی سپلائی کرنے والی پائپوں میں پانی جم جانے کے علاوہ پانی کے ذخائر بھی جم گئے ہیں۔جمعہ کو عوامی اتحاد پارٹی کے کارکنوں نے رضاکارانہ طور پانی کی پائپوں کے نیچے آگ جلا کر پانی کی سپلائی کوبحال کردیا۔شاہ نگری لنگیٹ علاقہ میں پانی کی پائپوں میں پانی اس قرد جم گیا تھا کہ کئی روز سے یہ علاقہ پینے کے پانی کی سپلائی سے محروم تھاجبکہ محکمہ آب رسانی کے اہلکاروں کی انتھک کوششوں کے باوجود پانی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی ۔جمعہ کو عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئررشید کے برادر خورشیداحمدشیخ نے اپنے درجنوں ساتھیوں کی مدد سے پانی کی پائپوں کے نیچے آگ جلا کر پانی کی سپلائی کوبحال کردیا ۔اس دوران ضلع کے کئی علاقوں میں پانی کے ذخائر کے علاوہ ندی نالوں اور واٹر سپلائی اسکیموں کے نل جم گئے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی رک گئی ہے ۔نصف درجن علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ اُن کے گائوں کو پینے کاپانی سپلائی کرنے والی پائپوں کو زیرزمین نہیں بلکہ بالائے زمین بچھایا گیا ہے جس کی وجہ سے پانی کی ان پائپوں میں پانی جم جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں انہوں نے محکمہ واٹر ورکس کے عملے کو یہ پائپیں زیر زمین بچھانے کا مطالبہ کیا لیکن محکمہ کے عملہ نے ان کے مطالبے کو نظرانداز کیا جس کا خمیازہ لوگ سردیوں میں بھگت رہے ہیں ۔
کپوارہ میں ندی ،نالے اور پانی کے ذخائر منجمند
