کپوارہ میں عصمت دری کے ملزم کی جیل سے اسپتال لیجاتے ہوئے موت

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ کی ڈسٹرکٹ جیل کے اندر اسیر عصمت دری کا ایک ملزم پیر کو اُس وقت انتقال کرگیا جب اسے جیل سے اسپتال لیجایا جارہا تھا۔مذکورہ قیدی کی عمر37سال تھی اور وہ شمالی کشمیر کے ہی سوپور علاقے میں براٹھ کلان کا باشندہ تھا۔
نیوزایجنسی جی این ایس کے مطابق لطیف احمد میر ولد حمزہ میر کو سوپور تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر15کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر عصمت دری کا الزام تھا۔وہ 5فروری سے کپوارہ ڈسٹرکٹ جیل کے اندر جوڈیشل ریمانڈ پر تھا۔
میر جیل کے اندر ہی کورونا سے متاثر بھی ہوا تھا تاہم بعد میں وہ ٹھیک ہوا تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔ 
سپر انٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کپوارہ شہباز حسین کے مطابق میر کو آج اسپتال لیجانے کی ضرورت محسوس کی گئی۔تاہم وہ ضلع اسپتال کپوارہ کی راہ میں انتقال کرگیا۔