سرینگر//پولیس نے شمالی ضلع کپوارہ میں آٹھ افراد کو ایک جنازے کے دوران بھارت مخالف نعرے بلند کرنے کی پاداش میں انسدادغیر قانونی حرکات سے متعلق ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ملزمان پر الزام ہے کہ اُنہوں نے ایک حادثے کے دوران مارے گئے ایک نوجوان کی آخری رسومات کے دوران نعرے بلند کئے۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق محمد امین ڈار ولد عبد الاحد ڈار ساکن بمہامہ28مارچ کو ایک سڑک حادثے کے دوران جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق نوجوان کی نماز جنازہ کے دوران پولیس کے مطابق بھارت مخالف نعرے بلند کئے گئے اور اس سلسلے میں پولیس تھانہ کپوارہ میں ایف آئی آر نمبر181کے تحت کیس درج کیا گیا۔
ایف آر آر میں جن افراد کو ملزم بنایا گیا اُن کی شناخت عابد حسین میر ولد عبد الغنی میر،قیصر احمد میر ولد فاروق احمد میر، بلال احمد میر ولد فاروق احمد میر، ظہور احمد ڈار ولد خضر محمد ڈار، اعجاز احمد گنائی ولد غلام رسول گنائی، عباس احمد میر ولد خضر محمد میر، فردوس احمد بٹ ولد لال بٹ اور فیاض احمد ڈار ولد محمد مقبول ساکنان بمہامہ کپوارہ شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے جی این ایس نے لکھا کہ متذکرہ بالا ملزمان میں چار کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان میں قیصر،بلال،ظہور اور اعجاز شامل ہیں۔