کپوارہ//تعلیم کے شعبہ کو بہتر سے بہتر بنانے کے حکومتی دعوئو ں کے باجود سرحدی ضلع کپوارہ میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے تعلیمی ڈھانچہ کمزور ہونے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں یہا ں کے نونہالو ں کا مستقبل روشن ہونے کے بجائے تاریک ہوگا ۔پورے ضلع میں 53 ہائر سکینڈری سکول قائم ہیں ،تاہم گزشتہ کئی برسو ں کے دوران 25ہائر اسکینڈری سکول ایسے ہیں جہا ں پرنسپل تعینات نہیں کئے گئے ہیں ۔ان ہائرسکینڈری سکولو ں میں 322لیکچرارس کی اسامیا ں بھی خالی پڑی ہیں جس کے نتیجے میں اِن ہائر سکینڈری سکولو ں میں درس و رتدریس کا کام ہی متا ثر نہیں ہے بلکہ ان اسکولوں کا انتظام چلانے میں بھی دقتیں پیش آرہی ہیں۔کپوارہ میں 53ہائر سکینڈری سکولو ں میں کل ملا کر 13878طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ضلع کے ہائر سکینڈری سکولو ں میں اس سال عارضی بنیادو ں پر لیکچر ار بھی تعینات نہیں کئے گئے تاہم اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے حال میں ضلع کے مڈل اور پرائمری سکولو ں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کا تبادلہ ان ہائر سکینڈی سکولو ں میں کیا گیا اور ضلع کے پرائمری سے لیکر مڈل سکولوں میں زیر تعلیم بچو ں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا اور ان سکولو ں میں اساتذہ کی کمی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث والدین میں محکمہ تعلیم کے اس اقدام کے خلاف سخت نارا ضگی پائی جارہی ہے ۔ ضلع کے پرائمری سکولوں میں ا سوقت 56647طلبہ زیر تعلیم ہیں ،جبکہ مڈل سکولو ں میں 24579طلبا و طلبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ یہا ں کے ہائی سکولو ں میں 15229طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے دفتر میں اس وقت 8سو کے قریب وہ لیکچر ار اپنی تعیناتی کے انتظار میں بیٹھے ہیں جن کو ماسٹر گریڈ سے لیکچر ار کے طور ترقی ملی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی تعینانی کی فائل کئی مہینو ں سے ڈائریکٹر ایجوکیشن کے دفتر میں دھول چاٹ رہی ہے جبکہ جمو ں میں جن اساتذہ کو لیکچر ارز کے طور ترقی دی گئی، ان کو وہا ں کے ہائر سکنڈری سکولو ں میں تعینات کیا گیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان 8سو لیکچر اروں میں 170کا تعلق کپوارہ ضلع سے ہیں اور آج تک ان کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کو ضلع کے پرائمری اور مڈل سکولو ں کے اساتذہ کے بجائے ان170لیکچر ارو ں کی تعیناتی ان ہائرسکینڈری اسکولوں میں عمل میں لانی چایئے جو کئی مہینو ں سے اپنی تعیناتی کے انتظار میںہیں۔ضلع میں 983پرائمری ،700مڈل اور102ہائی سکولو ں قائم ہیں اور ان میں کل ملا کر 96445طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ان سکولو ں میں اساتذہ کی بار بارتبدیلیوں سے درس و تدیس کا کام کاج بری طرح سے متا ثر ہو رہا ہے ۔ضلع میں 102ہائی سکول قائم ہیں جن میں 32ہائی سکول ایسے ہیں جہا ں ہیڈ ماسٹر ہی نہیں ہیں جبکہ پورے ضلع میں 250اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ضلع میں گزشتہ چند مہینو ں کے دوران 35اساتذہ سبکدوش ہوئے اور ایک بڑی تعداد آنے والے دنوں میں سبکدوش ہونے جارہی ہے اور جن سکولو ں سے یہ اساتذہ سبکدوش ہو رہے ہیں وہا ں پہلے ہی اساتذہ کی کمی پائی جارہی ہے ۔ضلع میں 13تعلیمی زون ہیں اور ان میں 5زون ایسے ہیں جہا ں کوئی زونل ایجوکیشن آفیسر تعینات نہیں ہیں ۔ضلع میں ڈسٹرکٹ انسٹچوٹ آف ایجو کیشن اینڈٹرینگ (ڈایٹ)گزشتہ4برس سے بغیر پرنسپل کے ہے جبکہ اس اہم ادارے میں 4ایچ او ڈی جو اساتذہ کی تربیت کرتے ، کی کرسیا ں خالی پڑی ہیں جس کے نتیجے میں اس اہم ادارے کا کام کاج بھی بری طرح متا ثر ہے ۔کپوارہ کے تعلیمی ادارو ں میں اساتذہ کی کمی کے حوالہ سے جب چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ عبد الحمید وانی سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے بتا یا کہ ان کی کوشش ہے کہ یہا ں کے سکولو ں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جائے اور اس کڑی کے تحت وہ ان سکولو ں کے اساتذہ کا تبادلہ عمل میں لاتے ہیں جہا ں گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم مستقبل میںکسی بھی تعلیمی ادار ے میں عملہ کی کمی نہیں رہے گی ۔
کپوارہ میں تعلیمی شعبہ زبوں حالی کاشکار | 25ہائرسکینڈری اسکولوں میں پرنسپل ندارد،32ہائی اسکول ہیڈماسٹر کے بغیر
