کپوارہ میں تازہ برف باری

کپوارہ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری اور میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ گزشتہ شب سے جاری ہے جس کے نتیجے میں دور دراز علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔ادھر میلیال کیرن ،سرکلی مژھل اور زرہامہ جمہ گنڈ سڑکیں پہلی برفباری سے ہی بند پڑی ہیں اور گزشتہ42روز سے ان علاقو ں کا زمینی رابطہ وادی سے کٹ کر رہ گیا ہے ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں اتوار کی شب سے ہی بھاری برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو پیر کو بھی جاری تھا ۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں 1فٹ سے زائد برف جمع ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 5سے6انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ضلع کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھاری برف باری کی وجہ بند پڑی ہیں اور ان علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متا ثر ہوئی ہے ۔بھاری برف باری کی وجہ سے ضلع کے بالائی علاقوں میںمعمولات زندگی ٹھپ ہیں ۔اس دوران حد متارکہ پر واقعہ کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ علاقہ کا 42روز سے ضلع صدر مقام سے زمینی رابطہ منقطع ہے اور یہا ں کی دکانو ں پر ضروریات زندگی 15روز قبل ہی ختم ہوگئی تھیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ کئی سالو ں کے بعد ان علاقوں کے لوگو ں کو ایسی کٹھن صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس وقت چوکی بل بڈنمل سڑک پر5فٹ سے زائد برف جمع ہے ۔