کپوارہ تک ریل لائن کی توسیع

طاہرسعید نے خیرمقدم کیا

سرینگر // پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے معاون ترجمان طاہر سعید نے  ادھمپور بارہ مولہ ریل لائن کو کپوارہ تک توسیع دینے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف کپوارہ کو دیگرحصوں کے ساتھ ریل کے ذریعہ ملانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ فیصلہ کپوارہ ضلع کی اقتصادی حالت کوبہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ پی ڈی پی ترجمان طاہر سعید نے کہا کہ اس فیصلے سے کپوارہ میںہارٹیکلچرسیکٹر کو فروغ ملے گا اورلوگ آسانی سے اپنا مال ملک کے دیگر حصوں تک پہنچا سکتے ہیں اوراس سے ضلع میں روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ یہ محبوبہ مفتی کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہے اور اس سلسلے  میںانہوں نے گزشتہ سال بحیثیت وزیر اعلی کپوارہ میں عوامی دربار کے دوران وعدہ بھی کیا تھاجس کے بعد انہوں نے یہ معاملہ مرکزی حکومت کے ساتھ کئی باراٹھایا۔انہوں نے امید ظاہر کی ریلوے محکمہ جلد از جلد اس پروجیکٹ پرکام شروع کرے گا۔طاہر سعید نے مزید کہا محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت کے ساتھ سادھنا ٹنل کا معاملہ بھی اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں مسلسل کوششیں جاری ہیں اور حال ہی میںانہوں نے دوبارہ یہ معاملہ مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھایا تاکہ کرناہ کے عوام کو راحت ملے اور شاہرا ہ پورے سال آمد و رفت کے قابل بنے ۔
 

لوگوں میں مسرت کی لہر

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// کپوارہ کو ریل خدمات سے جو ڑنے کے لئے مرکزی سرکار نے بالاآخر بانہال بارہ مولہ ریل لائن کوکپوارہ تک توسیع دینے کو منظوری دی جس کا اس پسماندہ ضلع کے لوگو ں نے خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پر فوری طور کاکام شروع کیا جائے گا ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس فیصلہ سے یہا ں کے لوگو ں کی دیرینہ مانگ کو پورا کیا گیا ۔عوامی حلقوں میں اس فیصلہ سے مسرت کی لہر دو ڈ گئی تاہم انہو ں نے مین سٹریم پارٹیو ں سے مطالبہ کیا کہ اس پر سبقت لینے کے لئے سیاست نہ کریں بلکہ آئندہ بھی کپوارہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا رول ادا کریں ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کپوارہ اور اس کے مضافات کے لوگو ں کو یہا ں سے سوپور یا سرینگر ریل سفر کرنے کے لئے جا نا پڑتا ہے تاہم اب وہ دن دور نہیں جب کپوارہ سے بانہال کے لئے ریل روانہ ہوگی ۔انہو ں نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اس ضلع کی تعمیر و ترقی میں اضافہ ہوگا ۔