کپوارہ اور گاندربل میں متعدد سڑک رابطے بند

 کپوارہ+گاندربل//شمالی ضلع کپوارہ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند اور رات کے دوران منفی درجہ حرارت کی وجہ سے سڑکو ں پر برف جم گئی ہے جس کے نتیجے میں پھسلن پیدا ہوگئی ہے ۔اس دوران ضلع میں بدھ کی صبح سے ہی ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس نے شام گئے دیر شدت اختیار کی اور سڑکو ں پر برف جمع ہونے کے بعد بالائی علاقوں کی سڑکو ں پر گا ڑیو ں کی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی تاہم جمعرات کی صبح سے اگرچہ گا ڑیو ں کی نقل وحمل بحال ہوئی لیکن بالائی علاقوں کہ سڑکیں ہنوز بند پڑی ہیں۔ضلع کے سرحدی علاقوں کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈکاگزشتہ 10روز سے ضلع صدر مقام سے زمینی رابطہ منقطع ہے جبکہ چوکی بل کرناہ سڑک بھی 5روز سے گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند ہے ۔کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ علاقوں میں بازارو ں میں ضروریات زندگی کی چیزیں نایاب ہیں اور ان علاقوں کے لوگو ں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔میلیال کیرن ،سرکلی مژھل ،چوکی بل کرناہ سڑکیں مسلسل بند رہنے کے نتیجے میں ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجہ چہارم کی نوکریو ں کے لئے تحریری امتحانات جو رواں ماہ کی 19تاریخ کو طے ہیں کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے وہ ان امتحانات میں شامل نہیں ہو سکتے ہیں ۔اس دروان کیرن ،مژھل ،کرناہ اور جمہ گنڈ علاقوں سے تعلق رکھنے والے درماندہ مسافرو ں کو کہنا ہے کہ وہ برف باری سے قبل ضروری کام کے لئے کپوارہ اور سرینگر پہنچ چکے تھے تاہم بھاری برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کے بعد اب اپنے اپنے علاقوں کو نہیں پہنچ سکے بلکہ کپوارہ اور دیگر مقامات پر درماندہ ہیں ۔دردسن پوت پورہ ،ٹنذومحلہ درسن کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ان کے محلہ سے کرالہ پورہ گزریال سڑک تک برف نہیں ہٹائی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں زبردست مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے اور بدھ کی صبح کو ایک حاملہ خاتون سکینہ دختر غلام رسول پائر کو مین سڑک تک پہنچانے کے لئے چار پائی کا استعمال کیاگیا ۔آخری اطلاعات ملنے پر ایس ایچ کرناہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ چوکی بل کرناہ سڑک پر جمعرات کی شام تک برف ہٹانے کا کام مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد ہی گا ڑیو ں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ادھر گاندربل ضلع کی بیشتر اندرونی رابطہ سڑکیں دوسرے دن بھی ہنوز منقطع ہیں۔حالیہ برفباری کے بعدپرنگ،چھترگل،وسن، ہاری پورہ،شالہ بگ،ڑھندھنہ،واکورہ،بٹہ وینہ،صفاپورہ،تولہ مولہ،سہ پورہ،لار،چونٹھ ولی وار،چانتھن گلاب پورہ سمیت دیگر علاقوں میں لگ بھگ ایک فٹ برفباری ہوئی ہے اوراگرچہ صورہ کنگن،کنگن گگنگیر،گاندربل گوٹلی باغ ،گاندربل صفاپورہ،گاندربل شالہ بگ اور ڑھندھنہ سے برف ہٹالی گئی تاہم ہر علاقہ کی اندرونی رابطہ سڑکیں اور گلی کوچے ابھی بند ہیں۔ہاری پورہ کی اندرونی رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ چھانہ ہار ،چانتھن گلاب پورہ ،ہاشم محلہ ،آرہامہ اورمنیگام وطشن رابطہ سڑکوں سے بھی برف ہٹانا باقی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو عبور و مرور میں کافی مشکلات درپیش ہیں ۔ادھر کنگن کے پرنگ اکہال،اکہال،نجون،چھترگل کی اندرونی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔