کپوارہ اور اننت ناگ میں صحتیابی کی شرح98فیصد سے اُوپر

اننت ناگ+کپوارہ// کپوارہ اور اننت ناگ اضلاع میں کووِڈ سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 98 فیصد سے اُوپرہوگئی ہے جبکہ  ان اضلاع میں مثبت مریضوں کی شرح کم ہوکر0.3فیصد رہ گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام الدین نے جمعہ کو ایک بار پھر ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کووِڈمناسب رویہ اختیار کرکے ماسک ضرور لگائیں اور سماجی دوریوں کاخاص خیال رکھتے ہوئے صفائی ستھرائی کی طرف دھیان دیں۔وہ یہاں میڈیا افراد سے بات کررہے تھے۔انہوں نے ضلع میں کووِڈ کی صورتحال کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مثبت شرح 0.4فیصد تک کم ہوئی ہے جبکہ صحت یاب ہونے کی شرح میں اضافہ ہوکر یہ98.2فیصد تک پہنچ گئی ہے جو باعث اطمینا ن ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کل13980مٹبت معاملوں میں سے13732 صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 83مریض ابھی بھی زیرعلاج ہیں ۔انہو ں نے مزیدکہا کہ9مریض سب ضلع اسپتال کپوارہ میں داخل ہیں اور66مریض گھروں میں ہی قرنطین رکھے گئے ہیں۔ٹیکہ کاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا 45سال سے زیادہ عمر کے 71.39فیصد لوگوں کوٹیکہ لگایا گیا ہے جبکہ 18-44سال تک کی عمر کے 19.10فیصد لوگوں نے ویکسین لیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا مناسب رویہ اختیار کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کہا کہ ضلع میں اِنتظامی کاوشوں اور عوامی تعاون سے کووِڈ ۔19 کی صورتحال کو قابو میںکیاگیا ہے ۔ اُنہوں نے کہ وبائی  بیماری سے وابستہ متعلقہ پیرا میٹروں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔اِن باتوں کا اظہار ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجود ہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ڈاکٹر سنگلا نے لوگوں کو فوری طور کووِڈ مخالف ٹیکے لگانے کی تاکید کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکے لگانا وبائی بیمار ی کی ایک اور لہر کو روکنے کے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صحتیابی کی شرح 98فیصد سے بھی اوپر ہو گئی ہے جبکہ مثبت معاملات کی شرح ایک ہفتے میں اب 0.3 فیصد تک رہ گئی۔اُنہوں نے کہا کہ 45برس سے زیادہ عمر تک لوگوں کو صد فیصد ٹیکے لگانے کا ہدف حاصل کرنے پر ضلع کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔ اُنہوں نے ٹیکہ کاری مہم کو تیزی کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا ۔ڈی سی نے ویکسی نیشن کے بارے میں کہا کہ اب تک 3.62 لاکھ ٹیکے فراہم کئے جاچکے ہے اور دوسری ڈوز کے ٹیکے بھی لوگوں کو لگائے جارہے ہیں۔ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ عوامی پارکوں اور سیاحتی مقامات پر سی اے بی کا مشاہدہ کرنے اور ان جگہوں پر کووِڈ ایس او پیز کوعملی شکل دینے اور ان پر عمل درآمد کرنے والے اَفراد اور صحت ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
 
 
 

کووِڈ- 19گائیڈ لائنزکی خلاف ورزیاں

 ساڑھے3 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول

سرینگر//کورونا وائرس کی ودسری لہر کاتوڑ کرنے کیلئے پولیس کی کووِڈ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم وادی بھر میں جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران2802افراد سے3لاکھ65ہزار230 روپے جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ ایک ایف آئی آر بھی درج کیاگیا۔پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونارہنماخطوط کی ہرصورت میں پاسداری کرتے ہوئے لازمی طور ماسک پہنے اور سماجی دوریوں کا لحاظ رکھیں اور صفائی ستھرائی پردھیان دیں۔