کپتانی چھوڑنے میں پونٹنگ کا کوئی ہاتھ نہیں: گوتم گمبھیر

دہلی/ آئی پی ایل فرنچائز دہلی ڈیئر ڈیولز کے کپتان گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ کپتانی چھوڑنے میں کوچ رکی پونٹنگ کا ہاتھ نہیں تھا۔گوتم گمبھیر نے گزشتہ دنوں ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد قیادت چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو چونکا دیا تھا، اس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ ان پر کپتانی چھوڑنے کا پریشر تھا اور اس میں کوچ رکی پونٹنگ کا ہاتھ تھا لیکن انھوں نے اس بات سے انکار کیا ہے۔دوسری جانب لیفٹ ہینڈ اوپننگ بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میں نے بہت سوچ بچار اور اپنی ناقص پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان کو کپتانی چھوڑنے کیلیے کہا گیا ہے۔آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی ٹیم ناقص پرفارمنس کی وجہ سے آخری نمبر پر براجمان ہے، گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی خراب کارکردگی میں ان کا بھی کردار ہے کیونکہ انھوں نے پہلے6 میچوں میں اب تک صرف 85 رنز بنائے ہیں۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کنگز الیون پنجاب کے ہاتھوں اپنی ٹیم کی شکست کے بعد میرے ضمیر نے مجھے جھنجوڑا کہ میں اس ذمے داری کے قابل نہیں رہا اور اب مجھے کپتانی سے سبکدوش ہوجانا چاہیے۔گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ دوستوں نے بہت سمجھانے کی کوشش لیکن میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انھوں نے ایک 2میچوں میں خراب کارکردگی پر امت مشرا اور کولن منرو جیسے کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم میں بٹھا دیا تھا، اب خود کپتانی چھوڑنا بھی درست قدم ہے۔