کٹھوعہ ہیلی کاپٹر حادثہ:2پائلٹ مسلسل لاپتہ

جموں//بھارتی بحریہ کے غوطہ خوروں کی ایک اور ٹیم کٹھوعہ ضلع کے رنجیت ساگر ڈیم میں پانی کے اندر تلاشی میں شامل ہونے جا رہی ہے تاکہ بھارتی فوج کے دو پائلٹوں کو بازیاب کرایا جا سکے جو ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد بھی لاپتہ ہیں۔کل آرمی کا ہیلی کاپٹر اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب یہ ریزروائر ایریا پر پرواز کر رہا تھا۔ ریسکیو آپریشن این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف ، انڈین آرمی اور نیوی کے غوطہ خوروں نے مشترکہ طور پر شروع کیا۔ تاہم پائلٹس کا کل شام تک پتہ نہیں چل سکا۔جموں نشین دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا’’غوطہ خور وہاں موجود ہیں اور تلاش جاری ہے۔ بحریہ کے غوطہ خوروں کی ایک اور ٹیم آپریشن میں شامل ہونے والی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پائلٹ ابھی تک لا پتہ ہیں، تلاشی کے دوران ہیلی کاپٹر کے کچھ حصے ڈیم سے باہر نکل آئے تھے لیکن پائلٹوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔