بانہال //محمد تسکین // بانہال کے کئی علاقوں میں پیر کی شام کٹھوعہ سانحہ کی متاثرہ بچی کے لئے انصاف اور اظہار یکجہتی کیلئے کئی شبانہ مظاہرے اور کینڈل مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ بانہال کے ڈولیگام اور گنڈ عدلکوٹ میں نوجوانوں نے کینڈل مارچ نکالے اورمظاہرے کئے ۔وہ قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر نوجوانوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں معصوم متاثرہ بچی کے حق میں انصاف فراہم کرنے اور قاتلوں کو پھانسی کی سزا دینے کے نعرے درج کئے گئے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے ان افراد کی سخت الفاظ میں مذمت کی جو فرقہ پرستی کے رنگ میں رنگ کر قاتلوں کی طرفداری کر رہے ہیں اور ایسے معاملوں کو بھی سیاسی اور مذہبی رنگ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مجرموں کی پشت پناہی کرنے والے لیڈروں اور وکلاء کے خلاف بھی قانون کے تحت سخت کاروائی کی جانی چاہئے اور اس جرم میں انہیں بھی بطور شریک جرم شامل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ معصوم بچی کے ساتھ عصمت ریزی اور قتل کرنے کے معاملے کو لیکر کچھ لوگ مذہبی اور سیاسی ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں اور اب کرائم برانچ کی شفاف تحقیقات نے ان کا منہ کالا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست کے کروڑوں لوگ آصفہ کے قتل اور ریپ میں ملوثین کو جلد از جلد پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ایسے جرم کی سوچ بھی رکھنے والوں کی روح کانپ اٹھے۔ اس موقع پر بانہال پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کررکھے تھے۔
کٹھوعہ کیس : بانہال میں شبانہ مظاہرے اور کینڈل مارچ
