کٹھوعہ میں طالب علم کاقتل ، ڈگری کالج بلاورمیں چاقو سے وار

 جموں// ضلع کٹھوعہ کے ڈگری کالج بلاور میں بدھ کی صبح تین افراد نے گیارہویں جماعت کے ایک طالب علم کو چاقو مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ بلاور پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا ’ڈگری کالج بلاور میں دو گروہوں کے درمیان جھڑپ کے دوران دو افراد نے گیارہویں جماعت کے طالب علم لیاقت علی پر چاقو سے وار کیا۔ اسے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا‘۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور دو ملزمان ابھیشیک شرما اور ہانی کھجوریہ کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی کار بھی ضبط کرلی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کسی دوسرے نوجوان کی تلاش میں تھی اور انہوں نے غلط شناخت کی وجہ سے متذکرہ نوجوان کو چاقو مارکر قتل کیا‘۔ کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اس دوران جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ’بلاور پولیس نے ایک شخص کو چاقو کے واروں سے مارنے کے معاملے میں ایف آئی درج کرلی ہے۔ تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی گاڑی بھی ضبط کی گئی ہے‘۔ یو این آئی