کٹھوعہ بارایسوسی ایشن کے وکلاء کااحتجاج شرمناک :شہلارشید

جموں//پی ایچ ڈی اسکالر ، سی ایس ایل جی جے این یواورسابق نائب صدرجے این یوسٹوڈنٹس یونین شہلارشیدشوریٰ نے یہاں جاری پریس بیان میں کٹھوعہ بارایسوسی ایشن کے وکلاء کی جانب سے آٹھ سالہ آصفہ بانوعصمت ریزی وقتل معاملہ میں تحقیقات کی تکمیل کے بعدسی جے ایم کٹھوعہ میں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کرنے سے روکنے پرحیرانگی کااظہارکیاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ شرمناک حرکت ہے کہ عصمت دری کے ملزمان کوبچانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے بی جے پی سے وابستہ دووزراء نے اوراب وکلاء نے آصفہ کوانصاف فراہم کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کیں جوکہ شرمناک بات ہے۔انہوں نے کورٹ کے احاطے میں وکلاء نے ’جے شری رام ‘کے نعرے بھی بلندکیے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوتوایجنڈے کی حامی طاقتیں شمبھولال جیسے ملزمان کوحوصلہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی فرقہ پرستی کوہوادے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آصفہ عصمت دری وقتل معاملے میں تمام لوگوں کومتحدہوناچاہیئے تھالیکن بدقسمتی سے کچھ عناصرتمام طبقوں کومتحدرکھنے میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم شری پرتاپ پارک ،سرینگرمیں بدھ کے روز11اپریل کودوبجے احتجاجی دھرنے پربیٹھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ کوانصاف دلانے کیلئے طلباء،نوجوانوں اور مختلف طبقوں کے لوگوں اورسول سوسائٹی کومتحدہوکرکام کرناچاہیئے۔