کٹھوعہ اور رام بن میں سڑک حادثات فوجی اہلکارسمیت2لقمہ اجل ،8دیگرزخمی

ایم ایم پرویز

جموں+رام بن//جمعہ کو کٹھوعہ ضلع کے قریب فوج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے بعد فوج کا ایک سپاہی ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہو گئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ فوج کی گاڑی سڑک سے پھسل کر سکرالا ماتا آشرم روڈ پرکھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار کی موت ہوگئی اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بلاور منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں جدید علاج کے لیے ایم ایچ پٹھانکوٹ ریفر کیا گیا۔اس کے علاوہ مہلوک سپاہی کی لاش کو ایس ڈی ایچ لایا گیا جس کی شناخت رام کشور کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت انیل سنگھ (35)، بھوپیندر سنگھ (30)، مہیپال سنگھ (37)، سندر پانڈیا (37) اور لوکیندر سنگھ (26) کے طور پر کی گئی ہے۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس عہدیدارنے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ادھرسری نگر جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کو رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں پیاز سے لدا ٹرک کھائی میں گرنے سے ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک تیز رفتار ٹرک جس کا رجسٹریشن نمبر PB06-7201 جموں سے سری نگر جا رہا تھا اپنے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور بیٹری چشمہ میں 1200فٹ سے زیادہ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر مقامی رضاکاروں، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دو شدید زخمیوں کو نکال کر ترجیحی بنیاد پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں سخت کوششوں کے بعد ایک شخص کی لاش بھی نکال لی گئی جو گھاٹی میں ٹرک کے ملبے تلے دب گیا تھا۔امدادی ٹیموں کو ملبے تلے دبے شخص کی لاش نکالنے میں کئی گھنٹے لگے۔پولیس نے متوفی کی شناخت سجن سنگھ، 18 ولد ساگر سنگھ ساکنہ پٹھان کوٹ، پنجاب کے طور پر کی ہے۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت ڈرائیور سندیپ ولد ودیا ساگر ساکنہ پٹھان کوٹ پنجاب اور یونس ولد برناسی ساکنہ پنکوٹا گرداس پور پنجاب کے طور پر کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے بعد متوفی کی لاش قانونی ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔