کٹھوعہ ،بھدرواہ اور ڈوڈہ میں3انکاؤنٹر|| 2ملی ٹینٹ اور فورسز اہلکار ہلاک ۔ 5فوجی، 2پولیس کانسٹیبل، اور شہری زخمی، DIGجموں اورSSP کٹھوعہ بال بال بچے

سمیت بھارگو

جموں // کٹھوعہ ضلع کے سیدہ سوہل ہیرا نگر علاقے میں جاری آپریشن میں بدھ کو ایک اور ملی ٹینٹ مارا گیا، جس سے مہلوک ملی ٹینٹوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔اس جھڑپ میں ایک سی آر پی ایف اہلکار بھی جان گنوا بیٹھا جبکہ ایک شہری زخمی ہوا۔اس دوران ڈی آئی جی جموں اور ایس ایس پی کٹھوعہ ملی ٹینٹوںکے حملے میں بال بال بچ گئے۔ادھر بھدرواہ میں ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میںپانچ فوجی اورایس پی او زخمی ہوئے۔ بھلیسہ گندوہ ڈوڈہ میں بدھ کی شام ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جو رات دیر گئے تک جاری تھا ۔ اس میں ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوا تھا۔دریں اثناء ڈوڈہ پولیس نے 4ملی ٹینٹوں کے خاکے جاری کئے ہیں، جن کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ بھدرواہ کے اوپری پہاڑی علاقوں ٹھاٹھری اورگندوہ میں گھوم رہے ہیں۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ انکے بارے میں اطلاع دینے والے کو 5لاکھ کا انعام دیا جائیگا۔پولیس نے عام لوگوں کیلئے فون نمبرات بھی مشتہر کئے ہیں۔

ہیرا نگر
حکام نے بتایا کہ منگل کو کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر علاقے کے سیڈا سوہل گائوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ گولی باری میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔سی آر پی ایف کے سپاہی کی شناخت121بٹالین کے کانسٹیبل کبیر داس کے طور پر ہوئی ، جو بدھ کوسپتال میں شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دیگر ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے گائوں میں تلاش جاری رہا اور بدھ کو مزید ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔یاد رہے کہ منگل کو رات سوا 8بجے ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ گائوں میں داخل ہوا اور گائوں والوں سے پانی اور گاڑی کا مطالبہ کیا ۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے گائوں کو گھیرے میں لے لیا اورملی ٹینٹوں کو مسلسل فائرنگ کرنے میں مصروف کردیا۔ ایک ملی ٹینٹ منگل کی شب ہی مارا گیا تھا اور دیگر کی تلاش رات بھر جاری رہی۔ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں ایک شہری بٹو کمار بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا ۔بدھ کی صبح تلاشی کارروائی دوبارہ شروع کی گئی اور ہیرا نگر سیکٹر کے نزدیکی جنگلات میں ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکلانے کی کارروائی جاری رہی۔اس دوران مختلف اوقات میں گولیوں کا تبادلہ ہوا اور دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انکی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا۔

بال بال بچے
ہیرا نگر میںجاری آپریشن کے دوران ملی ٹینٹ کی طرف سے ان کی گاڑیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کرنے کے بعد ڈی آئی جی جموں و کشمیر پولیس اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کٹھوعہ بال بال بچ گئے۔ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کی طرف سے دو پولیس افسران کے قافلے پر دو درجن سے زیادہ گولیاں چلاکر حملہ ہوا۔،تاہم کسی بھی افسر یا کسی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔”سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کے مقام کے ارد گرد اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔اس میں 30 رائونڈز پر مشتمل تین میگزین، میگزین اور 24 رائونڈز، ایک علیحدہ پولی تھین میں 75 رائونڈز، 3 زندہ دستی بم، 1 لاکھ کرنسی (500 روپے کے 200 نوٹ)، کھانے کی اشیا (پاک بنی چاکلیٹ، خشک چنا اور باسی چپاتیاں)، پاک دوائیں اور انجیکشن درد کم کرنے والے، 1 سرنج، A4 بیٹریوں کے 2 پیک اور 1 ہینڈ سیٹ جس میں ٹیپ میں لپٹا اینٹینا اور 2 تاریں ہینڈ سیٹ شامل ہیں۔

بھدرواہ جھڑپ
بھدرواہ کے علاقے چھترگلہ میں4آر آر اور پولیس کے مشترکہ کیمپ پر ملی ٹینٹوں نے رات پونے دو بجے حملہ کیا جس میں ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں فوج کے پانچ جوان اور پولیس کا ایک ایس پی او انیل کمار زخمی ہوئے۔ واقعہ کے پیش نظر حکام نے بھدرواہ-پٹھانکوٹ ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت کو اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا حکم دیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے سیکورٹی فورسز کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے بعد انہیںسیکورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل فائرنگ میں مصروف رکھا گیا۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ رک گیا ہے اور اب وہاں تلاشی جاری ہے۔بدھ کی صبح سے یہاں کوئی فائرنگ نہیں ہوئی جس کے بعد تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔اتوار کو ہوئے ریاسی دہشت گردانہ حملے کے بعد جموں ڈویژن میں پچھلے تین دنوں کے دوران دیگر دو دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔

گندوہ مسلح تصادم
پولیس نے کہا کہ گندوہ ڈوڈہ کے ٹانٹا درمن گائوں کے کوٹا ٹاپ کے مقام پر ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان خونریز تصادم آرائی میں پولیس کا ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوا اور جھڑپ جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ بدھ کی شام 8 بجے کے قریب ٹانٹا درمن گائوں بھلیسہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد4آر آر، 7بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طور پر محاصرہ کرنے کی کوشش کی جس کے دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس میںپولیس اہلکار فرید احمد زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے کیساتھ ہی علاقے میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری طلب کی گئی اور اس جنگلاتی علاقے میں محاصرہ کو وسیع کر کے ناکہ بندی کی گئی۔ پولیس نے کہا کہ جس جگہ تازہ جھڑہ ہوئی ہے وہ بھدرواہ کے چھتر گلہ پہاڑی رینج کیساتھ منسلک ہے لیکن دونوں مقامات کے درمیان 25کلو میٹر سے زیادہ کی مسافت ہے۔