کٹرہ میونسپل کمیٹی ملازمین کا مطالبات کو لیکراحتجاج

کٹرہ///کٹرہ میونسپل کمیٹی کے کیجول ملازمین نے آج یہاں اپنے مطالبات کو لیکر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین اپنے نام بائیو میٹرک آئی ڈی کے لئے نہ بھیجنے کے خلاف مُظاہرہ کر رہے تھے۔مُظاہرین اپنی خدمات کو باقاعدہ بنانے اور تنخواہ جات کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کررہے تھے۔یونین کے صدر سوہن چند نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کٹرہ میونسپل کمیٹی نے بائیو میٹرک آئی ڈی کے لئے فقط 60 ملازمین کا انتخاب کیا ہے لیکن ابھی بھی160فارم التوا میں پڑے ہوئے ہیں۔اُنہوں نے سی ای او کی جانب سے ناموں کا انتخاب کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ سی ای او چند روز قبل تبدیل کیا گیا ہے لیکن گُذشتہ روز ہی اُنہوںنے ان فارموں پر ستخط کئے ۔اُنہوں نے انتباہ کیا کہ اگر انکے فارموں پر بھی دستخط نہیںکئے گئے تو وہ آج اپنے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاج کریں گے۔ بعدازاں، مظاہرین نے سی ای او کا پُتلا بھی نذر آتش کر دیا ۔