کٹارمل میں مواصلاتی نظام درہم برہم | صارفین کوپریشانی کا سامنا ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل

سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے کٹارمل علاقہ میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔لوگوں نے انتظامیہ و مواصلاتی کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں معیاری مواصلاتی سروس فراہم ہی نہیں کی جارہی ہے ۔ کٹارمل گاؤں جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ کے ساتھ راجوری کی تحصیل منجاکوٹ میں واقع ہے۔مکینوں کا کہنا تھا کہ گاؤں میں پچاس سے زائد گھر آباد ہیں جو کہ موبائل نیٹ ورک کی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے لوگ بدحالی کا شکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 21ویں صدی میں بھی علاقے مکین بنیادی مواصلات سے بھی محروم ہیں اور وائس کال کرنے کے اہل بھی نہیں ہیں۔مذکورہ علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ ان کے بچوں کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی اپیلیں کی گئی لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر و متعلقہ مواصلاتی حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کٹار مل علاقہ میں مواصلاتی سروس فراہم کی جائے ۔