کویندر گپتا کی صدارت میں شکایت ازالہ کیمپ کا انعقاد

جموں//جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے حلقہ انتخاب گاندھی نگر کے وارڈ 56 گنگیال میں ایک عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ کا انعقاد کیا۔کیمپ کے دوران سپیکر نے لوگوں کے مسائل اور مطالبات بغور سنے جن میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی ،علاقے سے گزرنے والے نالے کی صفائی ،گلی کوچوں اور ڈرینوں کی تعمیر،بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کو نصب کرنے ، پل کی تعمیر اور کالونی کے اندر کوڑا دانوں کے رکھ رکھائو  جیسے مطالبات شامل ہیں ۔ریاست میں بے شمار پروجیکٹوں پر جاری کام کا ذکرکرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ موجودہ قیادت عام لوگوں کو مختلف ترقیاتی اقدامات کے ذریعے فائدہ پہنچانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہیں۔اس کے علاوہ حکومت کے عزم کو دہرایا جس کے تحت بہت سارے موجودہ بنیادی ڈھانچوں کو استحکام بخشنے کا کام شد و مد سے جاری ہے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں سال 2015سے کئی فلیگ شپ پروگراموں پر کام شروع کیا گیا ہے تاکہ یہ علاقہ جاذب نظر بنے اور اس کے لئے سڑکوں کی میکڈامائزیشن ، گلیوں اور ڈرینوں کی تعمیر ، بجلی کی ترسیل ، مناسب پینے کے پانی کی سپلائی ، پبلک پارکوں کی تعمیر اور 20کلومیٹر نالے کی بحالی کا کام انجام دیا جاسکے ۔سپیکر نے مزید کہا کہ جموں شہر میں ایک کیبل کار پورجیکٹ پر کام شروع کیا گیا ہے جو باغ بہو ، مبارک منڈی ، ہیرٹیج پیلس ، مہا مایا مندر ، باوے مندر اور پیر کھو مندر کو عوامی رابطہ فراہم کریں اور سیاحوں کے لئے بھی ایک اہم سہولیت ثابت ہو۔سپیکر نے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہدایت دی کہ عوامی مسائل کا ازالہ فوری طور کیا جائے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں صحت و صفائی یقینی بنانے میں اپنا بھر پور تعاون دیں۔سپیکر کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران ، سیاسی لیڈر اور معزز شہر ی بھی تھے۔