کوہلی کی صدارت میں روگی کلیان سمیتی میٹنگ منعقد

راجوری//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی کی صدارت میں کالا کوٹ حلقے کے مختلف طبی اداروں کی روگی کلیان سمیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔وزیر جو کالاکوٹ حلقے کی روگی کلیان سمیتوں کے چیئرمین بھی ہیں نے ان اداروں کی حصولیابیوں اور طبی سہولیات میں بہتری لانے کے حوالے سے عملائے جارہے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کوہلی نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ جاری کاموں میں سرعت لائیں اور سمیتی کی میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ ان ادارو ں کے کام کاج میں بہتری آسکے۔انہوں نے ان اداروں کے لئے ایمبولنس سہولیات دستیاب کرانے کے احکامات بھی صادر کئے۔وزیرنے کہا کہ حکومت ریاستی عوام بالخصوص دیہی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بہتر سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے روگی کلیان سمیتوں کے تحت دستیاب رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ تمام صحت مراکز میں ہر طرح کے ادویات اور لیبارٹری کی سہولیات دستیاب کرائی جانی چاہئے ۔ کوہلی نے ڈاکٹروں نے نیم طبی عملے پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوسکے۔میٹنگ میں کئی دیگر منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعہ پر محکمہ صحت کے کئی افسران بھی موجود تھے۔