کوہلی اور جُگل کشور کا دورہ ٔ راجوری

 راجوری//پشو بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور کے ہمراہ راجوری ضلع میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت منظور کی گئی چنگس سے بدتھر اور ناریاں سے دوگانی سڑکوں کا افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ6.65 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ ان سڑک پروجیکٹوں کو ریکارڈ مدت کے اندر مکمل کیا گیا ہے اور ان سے اس پہاڑی علاقہ کی ایک درجن بستیوں کو عبور مرور کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔کوہلی نے سڑک پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کو تعلیم اور سڑک رابطوں کی بہتر سہولیات بہم رکھنے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں رواں مالی سال کے دوران کئی سکول عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کو مقررہ مدت کے اندر پورا کیا جائے گا۔وزیر نے پی ایم جی ایس وائی کے افسرو ں سے کہا کہ وہ ضلع میں ہاتھ میں لئے گئے تمام پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے کام میں سرعت لائیں اور نئے پروجیکٹوں کی نشاندہی کر کے اُن کا ڈی پی آر تیارکریں۔تقریب پر ممبر پارلیمنٹ جگل کشور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلوط سرکار ریاست کے تمام علاقوں میں بہتر سڑک رابطے دستیاب کرانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکز کی طرف سے فراخدلانہ امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تار کول بچھانے کے کام پر کروڑوں روپے صرف کئے جائیں گے اور آنے والے برسوں میں سڑکوں کو منظر نامہ ہی تبدیل ہوکر رہ جائے گا۔دورے کے دوران کئی مقامات پر عوام وفود نے وزیر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے۔ وزیر نے یہ مسائل جلد از جلد حل کرانے کا یقین دلایا۔