کوکرناگ کا ’اپنی پارٹی‘ امیدوار

اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے ساگم کوکرناگ علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ڈی ڈی سی امیدوار پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔’ اپنی پارٹی‘ کے ساگم نشست کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل امیدوار انیس الاسلام ولد مرحوم فرید احمد گنائی پر مشتبہ جنگجوؤں نے جمعہ کوصبح 11 بجکر 45 منٹ پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی رہائش گاہ کے باہر کھڑے تھے۔گولی امیدوار کے بائیں ہاتھ میں جالگی جس کے بعد اس کو سب ضلع اسپتال کوکرناگ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس سے مزید علاج معالجہ کے لئے جی ایم سی اننت ناگ بھیج دیا۔حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اورحملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔واضح رہے کہ انیس الاسلام نے حال ہی میں نیشنل کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرکے الطاف بخاری کی اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بطور امیدوار ساگم حلقہ سے میدان میں اترے ہیں۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ امیدوار آزاد حیثیت سے چنائو لڑرہا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ امیدوار کو کھنہ بل میںعارضی رہائش ی سہولیات دی گئیں اور جانچ پڑتال کے بعد انہیں کوکر ناگ پولیس تھانے کی جانب سے 3دسمبر کی شام کو اس بارے میں مطلع بھی کیا گیا تھا۔اسکے علاوہ انہیں ہدایات دی گئی تھی کہ چنائو ی مہم کیلئے وہ پولیس کے محافظین ساتھ لیں لیکن انہوں نے پولیس سیکورٹی نہیں لی۔ سبھی امیدواروں کو اس طرح کی صلاح پہلے ہی دی گئی ہے کہ وہ چناوی مہم کے دوران پولیس کو مطلع کیا کریں۔پولیس نے واقعہ کے ضمن میں کیس زیر نمبر149/2020درج کرلیا ہے۔