کوکرناگ میں نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ کا کنونشن

سرینگر// نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ کا ایک روزہ کنونشن ڈاک بنگلہ اچھہ بل کوکرناگ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری، نائب صدر ضلع اننت ناگ ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، ڈی ڈی سی ممبران شبینہ حسین اور منیرہ جہانگیر اور صوبائی سکریٹری عائشہ جمیل بھی موجود تھیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ خواتین کو سماج میں اونچا مقام دلانے کیلئے جو تاریخی اور کلیدی رول نیشنل کانفرنس نے ادا کیا وہ تاریخ کا ایک سنہری باب ہے اور پارٹی آج بھی انہی اصولوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو یہ طرہ امتیاز بھی حاصل ہے کہ اسی جماعت نے خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کی اور خواتین کیخلاف مظالم اور تشدد کیخلاف آواز اُٹھائی اور جہیز جیسی لعنت کیخلاف ایک زور دار مہم چلائی۔ خواتین میں خودسوزیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ اس رجحان کی روک تھام کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اور وسیع منصوبے کی ضرورت ہے۔