کوکرناگ میں تلاشیاں,پلوامہ میں کریک ڈائون ناکام سنگباری اور شلنگ

پلوامہ // قصبہ پلوامہ کے مضافات میں اتوار کی شام کریک ڈائون کی کوشش ناکام بنانے کے دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔معلوم ہوا ہے کہ پلوامہ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور رنگہ مولہ کی بستی کا فورسز نے محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔ اس موقعہ پر نوجوان گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے پولیس پر سنگباری کی جس کے جواب میں پولیس نے شلنگ کی۔ مظاہرین اور پولیس میں کچھ دیر تک جھڑپیں ہوتی رہیں جس کے بعد محاصرہ اٹھا لیا گیا۔تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔اُدھر ہلر کوکرناگ میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر اتوا ر کی شام 19آر آر اور 196سی آر پی ایف کے علاوہ پولیس نے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا ۔ یہاں تلاشی آپریشن رات دیر گئے تک جاری رہا جس کے دوران لوگوں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے گئے اور اُن کی پوچھ تاچھ کی گئی۔