کوٹ دھڑا سڑک

راجوری //کوٹ دھڑا،مائرہ و گردونواح کے لوگ نے ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے مقامی سڑک بند رکھ کر اس کی کھانڈلی پل سے کوٹ دھڑا تک مرمت کی مانگ کی ۔صبح کے وقت کوٹ دھڑا اور چوکیاں کے لوگوں نے احتجاجی دھرنا دے کر ضلع انتظامیہ اور تعمیراتی ایجنسی کے خلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کاسامناہے ۔ انہوں نے کہاکہ سڑک کی کھانڈلی پل سے کوٹ دھڑا تک مرمت کی ضرورت ہے تاہم متعلقہ حکام کو ٹس سے مس نہیں ۔احتجاج میں مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بھی حصہ لیا اور بتایاکہ ایسی روڈ کی وجہ سے ان کی گاڑیاں تباہ ہورہی ہیں اور انہیں فائدے کے بجائے الٹا نقصان سہناپڑتاہے ۔دریں اثناء مائرہ میں بھی لوگوں نے اسی معاملے پر احتجاج کیا اور سڑک کو گاڑیوں کی نقل و حرکت کیلئے بند رکھا ۔مقامی لوگوں کاکہناتھاکہ متعلقہ حکام سڑک کی مرمت نہ کرکے لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں اورستم ظریفی کی بات ہے کہ سیاسی لیڈران کو بھی کوئی پرواہ نہیں جو خاموشی سے صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں۔کئی گھنٹے کے احتجاج کے بعد ایس ایچ او راجوری طاہر خان موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایاکہ ان کی مانگ کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاکر سڑک کی مرمت کروائی جائے گی ۔اسی یقین دہانی پرمظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے تاہم انہوں نے ساتھ ہی اس بات کا انتباہ بھی دیاکہ اگر مرمت کاکام شروع نہ ہواتو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔