کوٹ بھلوال جیل جموں میں سی آر پی ایف جوان گولی لگنے سے ہلاک

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں//سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی اتوار کو شہر کے مضافات میں گھروٹہ علاقے میں واقع کوٹ بھلوال جیل کے اندر مبینہ طور پر گولی لگنے سے پراسرار حالات میں موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ اس جوان کی شناخت راکیش کمار کے طور پر ہوئی ہے، ساکن مکند گڑھ، ضلع جھنجھونو، راجستھان، جس نے حال ہی میں چھٹی کے بعد اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کی تھی، جیل کے احاطے میں گولی لگنے سے مردہ پایا گیا۔پولیا نے بتایا ” صبح گولی چلنے کی آواز سن کر، سیکورٹی اہلکاراپنی بیرکوں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے ہائی سیکورٹی جیل کے مرکزی دروازے پر جوان کو خون میں لت پت پڑا پایا اور اس کی سروس رائفل (Ak-47) اس کے قریب ہی پڑی تھی‘‘۔ابتدائی تفتیش کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ یہ خودکشی ہے تاہم اصل وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔