کوٹھی باغ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں ونٹر کیمپ نمائش کا افتتاح

سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں صوبائی سطح کی نمائش کا افتتاح کیا جس میں کشمیر کے 10اضلاع  سے تعلق رکھنے والے طلباء نے شرکت کی۔یہ نمائش ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے منعقدہ ابتدائی جماعتوں تیسری سے ساتویں جماعت تک کے طلبأ کے لئے ونٹر کیمپ کا ایک حصہ تھی۔نمائش کے اہتمام کے لئے پرتھم ایجوکیشن فائونڈیشن نے بھی تعائون دیا۔اس موقعہ پر ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو،جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ انچارج ونٹر کیمپ عابد حسین ا ورپرتھم ایجوکیشن فائونڈیشن کے نمائندوں اور سٹیٹ میڈیا سنٹر کے وابستگان کے علاوہ محکمہ تعلیم کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کے دوران الطاف بخاری نے کہا کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 900ونٹر کیمپوں کا انعقاد کیا گیاجس دوران مختلف علاقوں اور زونوں کے ایک لاکھ سے زیادہ پرائیوٹ اورسرکاری اسکولوں کے طلبأ اورطالبات کو مفت ونٹر ٹیوشن کی سہولیات فراہم کی گئیں ۔ان کیمپوں میں 3600کے قریب اساتذہ سرگرم رہے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ونٹر کیمپ کے دوران تین مرحلوں پر مقابلہ آرائی ہوئی۔اس دوران طلبأ نے مختلف موضوعات بشمول ریاضی ،ڈرائینگ ،کرافٹ ،انگلش،سوشل سائینس اور اُردو میں اپنے بہترین فن اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔اس موقعہ پر شریک طلبأ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم طلبأ کو غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کے مزید پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جہاں زیادہ سے زیادہ طلبأ کو شریک ہونے کا موقعہ ملے گا۔وزیر تعلیم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے پروگراموں میں شرکت کے لئے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں۔