کوٹلی نالے پر زیر تعمیرپل 8برسو ں بعد بھی نامکمل

پرویز خان
منجا کوٹ //سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے کوٹلی کالابن نالے پر زیر تعمیر رابطہ پل گزشتہ 8برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کی عوام کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ لگ بھگ آٹھ بر س قبل مذکورہ دریا پر ایک پل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن کچھ حد تک ڈھانچے کو مکمل کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا جس کی وجہ سے ابھی تک مذکورہ پل قابل آمد ورفت نہیں بنایا جاسکا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ نالہ عبور کرتے ہوئے 2014کے دوران 3افراد پانی کے تیز بہا ئو میں بہہ کر لقمہ اجل بن گئے تھے اور بعد میں متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے نالے پر ایک رابطہ پل تعمیر کرنے کی ہدایات جاری کیں تھی لیکن اس کے بعد مذکورہ پروجیکٹ پر کام انتہائی سست رفتار کیساتھ کیا گیا جس کی وجہ سے ابھی تک پل کو مکمل کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی گئی ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کرنے بعد بھی متعلقہ محکمہ و ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے عام لوگوں کو سہولیت میسر نہیں ہوئی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ و ملازمین کی لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لے کر اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔