کوٹرنکہ //کوٹرنکہ تا خواص رابطہ سڑک کی تعمیر نہ ہونے کے سلسلہ میں خواص ویلفیئر فورم کی جانب سے دی گئی ’راجوری چلو کال ‘آئندہ 15دنوں کیلئے موخر کر دی گئی ہے ۔دور افتادہ تحصیل خواس کے لوگوں کی طرف سے اعلان کردہ ’راجوری چلو آندولن‘ ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے معاملے میں مداخلت کے بعد مقامی آبادی نے ملتوی کر دیا ہے اور مقامی رہنماؤں کے ایک وفد نے منگل کو ڈپٹی کمشنر راجوری سے بھی ملاقات کی۔قبل ازیں پیر کے روز خواس کے مختلف دیہات کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے تحصیل ہیڈ کوارٹر پر ملاقات کی اور خواس تا کوٹرنکا سڑک پراجیکٹ کی تکمیل میں طویل تاخیر کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے 2 فروری سے ’’راجوری چلو آندولن‘‘ کے ساتھ غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا۔دریں اثناء منگل کو علاقہ کے رہنمائوں بشمول ایڈووکیٹ گوردیو سنگھ ٹھاکر، سرپنچ گیان چند اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس ایجی ٹیشن کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس کے دوران رہنماؤں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ راجوری نے اس معاملے میں مداخلت کی ہے اور علاقے کے لوگوں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں کوٹرنکہ تا خواس سڑک کے مسئلہ پر بات چیت کی گئی۔ اراکین نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ اس سڑک سے متعلق مسئلے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور علاقے کے لوگوں کی اس شکایت کے ازالے کیلے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ خواص ویلفیئر فورم کا ایک وفد گردیو سنگھ ٹھا کر کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے ملاقی ہوا ۔اس وفد میں سرپنچ خواص گیان چند شرما ،سرپنچ چین سنگھ ،سرپنچ کلبیر کمار ،سنگیتا سنگھ بھاجپا منڈل پردھان خواص ،سماجی کارکن دنیش سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے ان کے دفتر میں ملا قات کر کے کوٹرنکہ خواص 30کلو میٹر سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں تفصیلی بات چیت کی ۔غور طلب ہے کہ 31جنوری کو خواص ویلفیئر فورم کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مکینوں نے شرکت کی تھی ۔اس اجلاس کے دوران سڑک کی جانب توجہ نہ دئیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ راجوری ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے تاہم گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کمشنر نے وفد میں شامل اراکین کو یقین دہانی کروائی جس کے دوران انہوں نے مذکورہ احتجاجی دھرنے کوملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفد میں شامل اراکین نے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی یقین دہانی پر انہوں نے 15دنوں کیلئے اپنی کال موخر کی ہے اور اب انتظامیہ کے عملی اقدامات کا انتظار کیا جائے گا ۔پریس کانفرنس کے دوران مقررین نے کہاکہ خواس سے کوٹرنکہ تک تیس کلو میٹر سڑک اور خواس سے موضلہ تک بیس کلو میٹر سڑک انتہائی خراب حالت میں ہے اور یہ دونوں سڑکیں زیادہ تر بالخصوص بارشوں کے دوران بلاک ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے تحصیل خواص کا پورا علاقہ جس کی بیس ہزار کے قریب آبادی ہے پندرہ پنچایتوں پر مشتمل ہے۔ ضلع کے دوسرے حصوں سے رابطہ منقطع ہو جائے اور یہ تمام لوگ دشمن بن جائیں۔
کوٹرنکہ ۔خواص رابطہ سڑک کی تعمیر کا معاملہ ،’راجوری چلو کال ‘15دنوں تک ملتوی
