کوٹرنکہ کے بھنڈی جمولہ میں سڑک کی خستہ حالت

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بھنڈی جمولہ علا قہ میں سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے مسافروں کو کئی طرح کے مسائل کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے نتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہی علا قوں میں تعمیر شدہ سڑکیں اب کھنڈرات میں تبدیل ہو تی جارہی ہیں لیکن ان کی بہتری کیلئے انتظامیہ کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ علا قوں کی سڑکوں کے کناروں پر نالیاں نہیں نکالی گئی ہیں جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کی زمینوں کا نقصان ہو رہا ہے وہائیں مسافروں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ ان رابطہ سڑکوں میں کئی جگہوں پر کھڈے پڑے ہوئے ہیں جبکہ برسات کا موسم شروع ہوتے ہی ان سڑک کی حالت مزید ابتر ہو تی جارہی ہے ۔مقامی پنچ صدام حسین ٹھکر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ دیہی علا قوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جبکہ کاغذات میں کئی ایک پروجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں البتہ زمینی سطح پر صورتحال یکسر مختلف ہے ۔انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے دوران غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب سڑک خستہ حال ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دیہی علا قوں میں ہونے والے تعمیر ات کاموں کے دوران معیاری سازوسامان استعمال نہیں کیا جاتا جبکہ ان علا قوں میں انتظامیہ بھی کام کے معیار کے سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی جبکہ محکمہ کے ملازمین سرکاری خزانے کو چونا لگا کر اپنے کاموں میں مشغول ہو جاتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ عام لوگوں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں ۔