کوٹرنکہ کی مڑہوتہ پنچایت میں پانی کی قلت | خواتین میلوں دور سے پانی لانے پر مجبور

سید زاہد
بدھل//کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت مڑہوتہ میں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے خواتین و عام لوگ میلوں دور سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔کوٹ ھلی مڑہوتہ پنچایت کی وارڈ نمبر دو کے مکینوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ گائوں میں لگ بھگ دس برس قبل پائپ لائن بچھائی گئی تھی جبکہ سپلائی لائن منقطع ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سپلائی کی بحالی اور پائپ لائن کی مرمت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رابطہ قائم کیاگیا لیکن ملازمین و آفیسران کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔