کوٹرنکہ میں رابطہ سڑکیں کھڈوں میں تبدیل | سردیوں سے قبل تارکول بچھانے کی مانگ

محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دیہات میں متعدد رابطہ سڑکیں گزشتہ کئی عرصہ سے مرمت کی منتظر ہیں لیکن تعمیر اتی ایجنسیوں کی لاپرواہی اور مقامی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے مذکورہ سڑکوں کی مرمت ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آئے روز مقامی لوگوں کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔ٹرانسپورٹروں اور مقامی لوگوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے رابطہ سڑکیں کھڈوں اور تالابوں کی شکل اختیار کرتی جارہی ہیں لیکن محکمہ ان سڑکوں کی مرمت اور ان پر تار کول بچھانے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجارہاہے ۔عام لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں تعمیر ہوئی رابطہ سڑکوں پر تار کول بچھانے کی گزشتہ کئی عرصہ سے مانگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سردیوں سے قبل رابطہ سڑکیں ٹھیک کر کے ان پر تار کول بچھائی جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔