محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ قصبہ کے مین چوک کیساتھ ساتھ دیگر ملحقہ گلیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کی وجہ سے تاجروں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں و مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔تاجروں نے مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کیساتھ ساتھ علاقہ میں ہوئی بارش کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ گلیوں کے علاوہ گندگی نالیوں میں بھی جمع ہوئی ہے جس کی وجہ سے نکاسی نظام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔غور طلب ہے کہ ابھی تک کوٹرنکہ قصبہ کو میونسپلٹی کے زیر تحت نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے اس کو بحال رکھنے کیلئے محکمہ دیہی ترقی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے لیکن مقامی انتظامیہ و متعلقہ شعبہ کی لاپرواہی کی وجہ سے قصبہ کے نکاسی و صفائی ستھرائی نظام کو معیاری نہیں بنایا جارہا ہے ۔تاجروں و مقامی لوگوں نے بتایا کہ قصبہ کی سڑکیں بھی انتہائی خستہ حال ہیں جس کی وجہ سے جہاں بارشوں کے دوران گندگی و کیچڑ لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا ہے وہائیں گرمیوں میں دھول ساز و سامان کیساتھ ساتھ عام راہگیرو ں کیلئے دقتیں پیدا کر دیتی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ میں صفائی ستھرائی کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے ۔