کوٹرنکہ سب ڈویژن میں سڑکیں بدحالی کا شکار

محمد بشارت
 کوٹرنکہ //راجوری کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں چھوٹی اور بڑی سڑکیں انتہائی بدحالی کاشکار ہو ئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگو ں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔کوٹرنکہ خواص سڑک پانچ دہائیوں سے تشنہ تکمیل ہے کوٹرنکہ چوک سے بڈہال پلی تک سڑک پر مقامی لوگوں کا چلنا دشوار ہوگیا ہے جبکہ انتظامہ کی جانب سے برتی جارہی لاپرواہی سے تنگ آکر مکینوں نے خود ہی سڑکوں کے کھڈوں کو بھرنا شروع کر دیا ہے ۔رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے دوران تاجروں و مقامی دکانداروں نے ملکر سڑکوں کے کھڈوں میں مٹی ڈال کر بھر نا شروع کئے ۔مقامی دکانداروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعمیر ات عامہ کی جانب سے خستہ حال سڑکوں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وہ سے صورتحال مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے جونیئر انجینئر سے جب رجوع کیا گیا تو انہوں نے کام سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کام ٹھیکیدار کا ہے ۔غور طلب ہے کہ کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی انتہائی خستہ ہو ئی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔