لوگ مریضوں کو کندھوں پر ہسپتال منتقل کرنے پر مجبور ،حکام عوامی مسائل سے لاتعلق
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ضلع کوٹرنکہ میں قائم محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن و پی ایم جی ایس وای ڈویژن بدھل کی سڑکوں کی ناگفتہ حالت کی وجہ سے عام لوگوں کو برساتی موسم شروع ہونے کیساتھ ہی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں درجنوں سڑکیں برسوں بعد بھی مکمل نہیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران جہاں نکاسی آب عام لوگوں کی آمد ورفت و رہائش کو متاثر کرتی ہے وہائیں ان نا مکمل سڑکوں کی وجہ سے لوگوں کی زرعی زمینوں کا نقصان بھی ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لوگ مریضوں کیساتھ ساتھ روز مرہ زندگی کا ساز و سامان کندھوں پر اٹھا کر منتقل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پروڑی سے راجوری جانے والی سڑک کا ایک حصہ کھیتاں کے مقام پر کھسک گیا ہے جسکی بڑی وجہ سڑک کی نالی نہ ہونا ہے ۔سابقہ سرپنچ پنچایت حلقہ سوکڑ شبیر احمد گورنے بتایا کہ کوٹرنکہ کے پیڑی نالہمیں سڑکوں کی خستہ حالی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور انتظامیہ کو کوئی خبر ہی نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ علاقہ بھی ضلع راجوری کاحصہ ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی عام لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔وہیںخواص سے بیلا جانے والی سڑک پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے سڑک نے دریا کی شکل اختیار کی ہے ۔دریا نما سڑک نے رہائشی بستی کے ساتھ ساتھ پیدل سفر کرنے والے لوگوں کا جینا بھی محال کر دیا ہے۔ محمد اشفاق نامی نوجوان نے بتایا کہ سڑک بند ہے اور لوگوں کو روز مرہ ضروریات زندگی کی چیزوں کو حاصل کرنے کے لئے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے مریضوں کو کندھوں پر اٹھا کر ہسپتالوں اور اہم سڑکوں تک پہنچانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ رابطہ سڑکوں کی حالت کو معیاری بنا کر عام لوگوں کو سہولیات فراہم کریں تاکہ مشکل وقت میں ان کی آمد ورفت آسان ہو سکے ۔