کوٹرنکہ//گزشتہ دو دنوں سے کوٹرنکہ ،درہال اور بدھل میں بھاری بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔اس دوران کئی جگہوں پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں جنکہ کئی سڑکیں اور راستے منقطع ہوگئے ہیں۔کوٹرنکہ سے خواس جانے والی سڑک دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی جبکہ مندرگالہ سے پیڑی سڑک پر زبردست پھسلن پیدا ہواہے جس سے سکولی بچوں اور طلباءکو مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔وہیں کنڈی گالہ سے کھاہ جمولہ سڑک پر پسیاں گر آنے سے آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں زبردست طغیانی دیکھی گئی ہے تاہم اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔علاقے میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں اور خاص طور پر طلباءکو مشکلات کاسامناہے جن کے فسٹ ٹرم کے امتحانات چل رہے ہیں جنہیں ندی نالوں کو عبور کرتے وقت اپنی جان جوکھم میں ڈالنی پڑی۔کئی جگہوں پر بارش کا پانی لوگوں کے مکانات کے اندر چلاگیا جس سے انہیں نقصان ہواہے۔وہیں محکمہ بجلی کی تینتیس کے وی لائن کو نقصان پہنچاہے جس کے نتیجہ میں دراج ، موہڑا، درمن ، پٹیلی ، ترگائیں ، کراگ ، شاہ پور ، لڑکوتی ، بڈھال ، دھرمسال وغیرہ میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ادھر موہڑہ تکیہ میں دریا کی زد میں آنے سے دو پن چکیاں بہہ گئی ہیں۔موسمی حالات کودیکھتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ نے نائب تحصیلدار کنڈی کو موقعہ پر روانہ کیا جنہوں نے نقصانات کا جائزہ لیاہے۔ساتھ ہی انہو ں نے فصلوں کی تباہی کا جائزہ بھی لیا۔ دراج کے ایک شہری محمد مقبول نے بتایاکہ بارش اور تیز ہواﺅں سے مکی کی فصل کو زبردست نقصان پہنچاہے اور ان کی سال بھر کی محنت رائیگاں چلی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے نقصان کا تخمینہ لگاکر معاوضہ دینے کی مانگ کی ہے۔وہیں خواس کے بڈھال علاقے میں منیر حسین ولد سخی محمد کا مکان بارشوں کی زد میں آکر منہدم ہوگیاہے تاہم اس دوران اہل خانہ بال بال بچ گئے ۔
کوٹرنکہ بدھل میں شدید بارشوں سے زندگی مفلوج
