کوٹاں میں بجلی ٹرانسفارمر 20دنوں سے خراب | 2سو سے زائد کنبے شدید متاثر ،محکمہ خاموش تماشائی

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں کے کوٹاں گائوں میں بجلی کا ٹرانسفارمر گزشتہ 20دنوں سے خراب پڑا ہوا ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے بجلی سپلائی کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گائوں میں نصب کردہ 100کے وی ٹرانسفارمر کئی دنوں سے خراب ہوا ہے لیکن 12دن قبل خراب ٹرانسفارمر کو ورکشاپ میں منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد ابھی تک اس کی مکمل مرمت ہی نہیں کروائی جاسکی جس کی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے پاس ٹرانسفارمر میں ڈالنے کیلئے تیل بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے مشینری ورکشاپ میں پڑی ہوئی ہے ۔شوکت علی نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ مذکورہ گائوں میں ہی محکمہ کی جانب سے 63کے وی کا ایک اور ٹرانسفارمر نصب کی گیا ہے جس سے محض 3گھر وں میں بجلی سپلائی دی جاتی ہے جبکہ دیگر صارفین کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے دیگر گھروں میں سپلائی نہیں دی جارہی ہے جبکہ خراب مشینری کو بھی سنجیدگی کیساتھ ٹھیک نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خراب مشینری کو جلداز جلد ٹھیک کرکے ان کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔